ریاست مہاراشٹرا میں کانگریس کے سربراہ نانا پاٹول نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر بی جے پی کے خلاف نہ بولنے پر مشہور اداکار امیتابھ بچن اور اکشے کمار کو ریاست مہاراشٹرا میں جاری فلمز کی شوٹنگ روکنے کی دھمکی دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس لیڈر نے دونوں اداکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں لیکن دونوں اداکار مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے خلاف بالکل خاموش ہیں جب کہ ماضی میں دونوں اداکار پٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر کانگریس کی حکومت کے خلاف ٹویٹ کیا کرتے تھے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے سبب معاشرے میں بےچینی روز بروز بڑھتی نظر آ رہی ہے، مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں تو ایک جانب رہیں ،اب مودی سرکارایسی کسان دشمن اصلاحات متعارف کروا رہی ہے جن سے بھارت کا کارپوریٹ سیکٹر مزید طاقتور جبکہ کسان طبقہ مزید کمزور ہو کرغربت کی چکی میں پسنے لگے گا۔