کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے تفتیش میں ڈکیتی، قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث دو ملزمان جاوید علی اور شان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے اپنے ساتھیوں عابد چھرا اور فیض اللہ کیساتھ ملکر اہلکار شیراز کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا۔ 18 فروری کو ملزمان نے کانسٹیبل شیراز کو کال کر کے پختون چوک میٹروول پر بلایا۔
اہلکار کے پہنچنے پر ملزمان نے ساتھیوں کےساتھ ملکر اہلکار کو قتل کیا اور فرار ہو گئے۔ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزمان نے تفتیش میں ڈکیتی، قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔
ملزمان نے سائٹ کے علاقے میں 28 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی۔ ملزمان نے مومن آباد میں دکاندار اور شہریوں کو نقدی اور موبائلز سے محروم کیا۔ ملزمان نے فیکٹری کے مالک اور مینیجر سے اسلحے کے زور پر 50 لاکھ چھینے۔ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔