پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ساؤتھ ایشین سائیکلنگ چیمپپن شپ کی میزبانی مل گئی ہے ایونٹ اسلام آباد یا پشاورمیں کرایاجائے گا جس میں ساوتھ ایشین کے دس ممالک شریک ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد بھی موجود تھے۔
سید اظہرعلی شاہ نے بتایا کہ 2021ء سائیکلنگ کے حوالے سے ایک روشن وتابناک سال ہوگا۔ گزشتہ سال کورنا کی وجہ جن مشکلات وتکلیف دہ حالات کا سامنا کیا، اس کا ازالہ اس سال ضرور کیا جائیگا۔ اس سال مقابلوں کا آغاز 29 مارچ سے نیشنل سائیکلنگ ٹریک چیمپین شپ سے کیا جا رہا ہے جو تین دن جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والی ٹریک نیشنل چیمپین شپ میں جونیئر وبسنیئرز کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ دوسرا ایونٹ تیسری انٹرنیشنل خنجراب سائیکل ریس ہے جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہے مقابلے رمضان سے قبل یا فورابعد منعقد ہونگے۔
ایونٹ میں سات ممالک کی شرکت تقریباً یقینی ہے تاہم اندازہ ہے کہ دس سے زائد ممالک خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس میں شرکت کریں گے۔ پچھلے سال ایونٹ پر تین کروڑ روپے کے اخرجات آئے تھے۔ اس سال بھی حکومت گلگت بلتستان بہترین انداز سے انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی ریس کرانے کے لیے پرامید ہے۔
اظہرعلی شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں ویلوڈرم کے حوالے سے مشکلات کا ضرور شکار ہے۔ ملک کا واحد ویلوڈرم جو کہ لاہور میں ہے، اس کی کئی بار مرمت بھی کرائی ہے تاہم وہ کسی بھی طورپر ایونٹ کرانے کے قبل نہیں تاہم مجبوراً مقابلے کرانے پر مجبور ہیں۔
حکومت خیبر پختونخوا نے ویلوڈرم بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے اور انہوں نے کام نیسپاک کے حوالے کر دیا ہے، امید ہے کہ بہت جلد پشاور میں جدید معیار کا ویلوڈرم بن جائے گا جس کے لیے پاکستان وصوبائی سائیکلنگ ایسوسی ایشن صوبائی حکومت کے بے حد مشکور ہے۔