جہلم میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع،ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سمیت ہیلتھ ورکرز کولگائی جائے گی
جہلم : ( سید سیرت شاہ)
جہلم میں بھی کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو گیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میاں مظہر حیات سمیت سول ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ سی ای او ہیلتھ وسیم اقبال کا کہنا ہے کہ وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، پہلے مرحلے میں ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سمیت ہیلتھ ورکرز کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میاں مظہر حیات سمیت ڈاکٹرز کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے ای این این نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جان ہتھیلی پررکھ کر کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی جان بچانے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سب سے پہلے کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسین پر سب سے پہلا حق ڈاکٹرز کا بنتا ہے۔ریسکیو اور لیب ورکرز سمیت ہیلتھ ورکرز کو بھی پہلے مرحلے میں کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر کے ہسپتالوں میں کورونا ویکسینیشن سنٹر بنائے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔