51

نیہا دھوپیا کا وزن بڑھ جانے پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

بولی وڈ اداکارہ، ریڈیو جوکی اور پروڈیوسر نیہا دھوپیا نے چند ماہ قبل ہی نومبر 2018 کو ایک بچی کو جنم دیا تھا۔

اداکارہ نے بچی کو جنم دینے کے محض 10 دن بعد ہی کام شروع کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ مسلسل محنت اور کام کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔

یہی نہیں بلکہ نیہا دھوپیا نے 8 ماہ کے حمل تک اپنی مصروفیات جاری رکھی تھیں اور وہ فلموں اور اشتہارات کی شوٹنگ میں مصروف رہی تھیں۔

نیہا دھوپیا نے جہاں بچے کی پیدائش سے چند ہفتے قبل تک کام کو جاری رکھا، وہیں انہوں نے حمل کے ساتھ فیشن شو میں شوہر انگت بیدی کے ساتھ کیٹ واک بھی کی تھی۔

کیٹ واک کے دوران نیہا دھوپیا کا بے بی بمپ کی دیکھا گیا۔

اداکارہ نے جہاں حمل کے دوران تمام روایتوں کو توڑا تھا، وہیں انہوں نے مئی 2018 میں اچانک انگت بیدی سے شادی کرکے سب کو حیران بھی کردیا تھا۔

اطلاعات تھیں کہ نیہا دھوپیا شادی سے قبل ہی حاملہ ہوگئی تھیں، جس وجہ سے انہوں نے اچانک شادی کی۔

اگرچہ ابتدائی طور پر نیہا دھوپیا اور انگت بیدی نے ان خبروں کو مسترد کیا تھا، تاہم بعد ازاں اداکارہ کے شوہر نے تسلیم کیا تھا کہ ان کی اہلیہ شادی سے قبل حاملہ بن چکی تھیں۔

شادی سے لے کر حمل تک اور پھر بچے کی پیدائش کے فوری بعد کام کرنے تک نیہا دھوپیا نے ماضی کی تمام روایتوں کو توڑا۔

تاہم بچے کی پیدائش کے بعد نیہا دھوپیا کے وزن بڑھنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور خود بھارتی میڈیا کے نشریاتی اداروں نے نیہا دھوپیا کے وزن پر خبریں شائع کیں۔

بھارتی میڈیا میں اپنے بڑھے ہوئے وزن کی خبریں شائع ہونے کے بعد نیہا دھوپیا نے کسی کا نام لیے بغیر انہیں کرارا جواب دیا۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے میڈیا کی ایک خبر کی شہ سرخی بھی شیئر کی، جس میں ان کے اضافی وزن پر بات کی گئی تھی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’ وہ ایک نئی ماں بننے پر اپنا وزن بڑھ جانے کی وجہ سے شرمندہ نہیں ہیں اور اب وزن بڑھ جانے پر لوگوں کو شرمندہ کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے‘۔

ساتھ ہی نیہا دھوپیا نے لکھا کہ ایک نئی ماں کی حیثیت سے وہ اپنی بچی کے لیے صحت مند، تندرست اور متحرک رہنا چاہتی ہیں۔

نیہا دھوپیا کے مطابق وہ اپنی صحت کے لیے معمول کے مطابق ورزش بھی کرتی ہیں اور بعض اوقات تو وہ دن میں 2 مرتبہ بھی ورزش کرتی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے سماج کے لیے پرکشش دکھائی دینا نہیں بلکہ صحت مند رہنا اولین ترجیح ہے۔

نیہا دھوپیا نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں لوگ خواتین اور خصوصی طور پر شوبز خواتین کو اضافی وزن کی وجہ سے شرمندہ کرنے کی کوشش سے گریز کریں گے۔

نیہا دھوپیا کی جانب سے وزن بڑھ جانے پر شائع خبروں پر کرارا رد عمل آنے کے بعد بولی وڈ شخصیات نے بھی اداکارہ کی حمایت کی اور انہیں خوبصورت اور صحت مند خاتون قرار دیا۔

فلم ساز کرن جوہر اور سونم کپور سمیت دیگر بولی وڈ شخصیات نے نیہا دھوپیا کا ساتھ دیا اور انہیں خوبصورت قرار دینے سمیت اچھی اور صحت مند خاتون بھی قرار دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کرینہ کپور کو بھی بیٹے کی پیدائش کے بعد وزن بڑھ جانے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

کرن کپور نے بعد ازاں اعتراف کیا کہ انہیں اضافی وزن کی وجہ سے بار بار شرمندہ کرنے کی کوشش کی جاتی رہے۔

کرینہ کپور نے بھی 2016 میں بیٹے تیمور علی خان کو جنم دن کے کچھ ماہ بعد فٹ رہنے کے لیے ورزش کی تھی اور انہوں نے اپنا وزن انتہائی کم کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں