27

’دبنگ‘ کے بعد سلمان خان کا پولیس اہلکار کے روپ میں نیا کردار؟

بولی وڈ اداکار سلمان خان ہندی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے پہلے اداکار ہیں جنہوں نے فلموں میں پولیس اہلکاروں کے مضبوط کردار کو متعارف کروایا۔

سلمان خان کو دبنگ کا خطاب اپنی کامیاب فلم سیریز ’دبنگ‘ کے سامنے آنے اور اس کی کامیابی کے بعد ہی ملا۔

دبنگ اور دبنگ 2 دونوں فلموں میں سلمان خان نے پولیس اہلکار کا کردار نبھایا، جبکہ وہ اس وقت دبنگ 3 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اور اب رپورٹس ہیں کہ سلمان خان جلد ایک اور فلم میں پولیس اہلکار کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ اداکار بولی وڈ کے جوشیلے ہدایت کار روہت شیٹھی کے ساتھ ایک فلم کرنے جارہے ہیں، جس کی شوٹنگ سلمان خان کی فلمز ’بھارت‘ اور ’دبنگ 3‘ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد شروع ہوگی۔

اداکار سے قریبی ذرائع کے مطابق ’سلمان خان کی 2014 کی کامیاب فلم ’کک‘ میں ان کے پولیس اہلکار کے کردار کو روہت شیٹھی اپنی فلم میں شامل کرنے کا ارادہ کررہے ہیں، کک میں سلمان خان نے دیوی لال سنگھ نامی پولیس اہلکار کا کردار نبھایا تھا، جبکہ ان کا یہ سین فلم کے آخر میں پیش کیا گیا تھا‘۔

روہت شیٹھی اس وقت اپنی فلم ’سوریاونشی‘ کی شوٹنگ کررہے ہیں، جس میں اکشے کمار پولیس اہلکار کے روپ میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ اکشے کمار کا یہ کردار روہت شیٹھی نے اپنی گزشتہ سال سامنے آئی کامیاب فلم ’سمبا‘ میں متعارف کروایا تھا۔

اگر سلمان خان نے حامی دی تو یہ روہت شیٹھی کے ساتھ ان کی پہلی فلم ہوگی۔

فلم کا نام تاحال سامنے نہیں آیا، البتہ اسے 2020 میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں