19

دوفریقوں میں فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان ( حسنین قریشی ) تھانہ چودھوان کی حدودمیں پانی کے تنازعے پردوفریقوں میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تمام7مقتولین کی نمازجنازہ الگ الگ سیکورٹی کے سخت پہرے میں سڑہ گرہ رمک میں اداکردی گئی ۔

چودھوان پولیس نے دونوں گروپوں کی طرف سے مجموعی طورپر19ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ،واقعے کے بعدڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمدعمیراورڈی پی اوسلیم ریاض کامتاثرہ علاقے کادورہ اورفریقین سے صبروتحمل کی اپیل اورپانی کا تنازع حل کرنے کی یقین دہانی کرایی ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ چودھوان کی حدودمیں گنڈی اراضی واقع منگل میں گزشتہ روزپانی کے تنازعے پردوگروپوں میں خونی تصادم ہوا۔ تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک گروپ کی طرف سے پانچ افرادجاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوگیا جب کہ دوسرے گروپ کی طرف سے دوسگے بھائی جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

جاں بحق ہونے والے دونوں گروپوں کے مقتولین کی نمازجنازہ الگ الگ اوقات میں سڑہ گرہ رمک میں سیکورٹی کے سخت پہرے میں اداکردی گئی ۔ چودھوان پولیس نے زخمی محمدشاہداسترانہ سکنہ کڑی شموزئی اوردوسرے گروپ کے زخمی نیک محمداسترانہ سکنہ منگل کی طرف سے الگ الگ رپورٹ قتل و اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مجموعی طورپردونوں گروپوں کے 19ملزمان کے خلاف درج کرلی ہے ۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کو کم کرنے اورمسئلہ کے حل کے لیے فوری طورپرڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمدعمیراورڈی پی او سلیم ریاض پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ متعلقہ علاقے میں پہنچ گئے اورانہوںنے دونوں گروپوں کے عمائدین سے ملاقات کی اوران کوصبروتحمل کامظاہرہ کرنے کی اپیل کی اوردونوں گروپوں کوپانی کے مسئلہ کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں