22

گلوکاری پر تنقید کے باوجود عالیہ کا میوزک ویڈیو ریلیز کرنے کا اعلان

بولی وڈ اسٹار عالیہ بھٹ ایک شاندار اداکارہ ہیں یہ تو سب ہی جانتے ہیں البتہ اداکارہ کو گلوکاری کا بھی بےحد شوق ہے اور وہ اپنی فلموں میں گلوکاری کر بھی چکی ہیں اور لگتا ہے کہ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے کیریئر میں گلوکاری کے میدان میں بھی نام کمانے کی کوشش کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ جلد اپنی خود کی میوزک ویڈیو ریلیز کرنے جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ نے اپنا خود کا یوٹیوب چینل بھی لانچ کیا تھا جہاں مداح اداکارہ کی روز مرہ کی زندگی کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

عالیہ بھٹ نے اب تک اپنے کیریئر میں 6 گانوں کی گلوکاری کی ہے، 2014 میں ریلیز ہوئی اپنی فلم ‘ہائی وے’ کے لیے عالیہ نے سوہا ساہا گانے کی گلوکاری کی، جس کے بعد ان کی فلم ‘ہمٹی شرما کی دلہنیا’ میں ان کا گانا ‘سمجھاوا’ سامنے آیا۔

2016 کی فلم ‘اڑتا پنجاب’ کے لیے عالیہ ایک کڑی گانے کی گلوکاری کرچکی ہیں، جبکہ 2017 کی فلم ‘بدری ناتھ کی دلہنیا’ کے لیے اداکارہ نے ہمسفر گانا گایا۔

وہ اپنی فلم ‘لو یو زندگی’ کا ٹائٹل گانا بھی گا چکی ہیں۔

عالیہ نے گلوکاری کے حوالے سے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ‘اس طرح کا تجربہ میں نے زندگی میں سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے ملے گا، مجھے ہمیشہ سے یقین تھا کہ میں اداکاری کروں گی، لیکن میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ مجھے گلوکاری کا تجربہ بھی ملے گا، تو اب اگر میں ایک ناکام اداکارہ بنی تو میں گلوکارہ بن جاؤں گی’۔

عالیہ بھٹ کے پہلے گانے کی موسیقی نامور موسیقار اے آر رحمٰن نے دی تھی، عالیہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ‘میں نے اس گانے کی بہت زیادہ تیاری نہیں کی تھی، ہم بس دو بار اسٹوڈیو گئے، رحمٰن سر نے میری مدد کی’۔

عالیہ بھٹ تو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کرنے کے لیے بھی پرجوش نظر آتی ہیں، البتہ یہ بات الگ ہے کہ جب شائقین نے ان کے گانے سنے تو اداکارہ کو ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔

جبکہ زیادہ تر افراد کا ماننا تھا کہ اداکارہ کو گلوکاری کے بجائے اداکاری پر ہی فوکس کرنا چاہیے۔

سب ہی جانتے ہیں کہ کرن جوہر جنہوں نے عالیہ کو بولی وڈ میں متعارف کرایا وہ اداکارہ کو کس حد تک پسند کرتے ہیں۔

کرن جوہر اپنی ہر فلم میں عالیہ کو ایک خاص کردار دیتے آرہے ہیں اور ان کی کوشش یہی ہے کہ عالیہ بولی وڈ کی سب سے کامیاب اداکارہ بن سکیں۔

جب کرن جوہر سے سوال کیا گیا کہ کس اداکار کو گلوکاری چھوڑ کر اداکاری پر فوکس کرنا چاہیے تو انہوں نے بھی عالیہ بھٹ کا ہی نام لیا۔

کرن جوہر کا کہنا تھا کہ عالیہ ایک بہت اچھی اداکارہ ہیں اس لیے انہیں گلوکاری کے بجائے اداکاری پر ہی دیہان دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ عالیہ بھٹ کے علاوہ بولی وڈ کے کئی اور اداکار بھی گلوکاری کررہے ہیں، ان میں سلمان خان، شردہا کپور، پریانکا چوپڑا، سوناکشی سنہا اور پرینیتی چوپڑا شامل ہیں۔

جب پرینیتی چوپڑا اور شردہا کپور کی گلوکاری بھی سامنے آئی تھی تو عالیہ اور ان دونوں اداکاراؤں کا آپس میں بہت زیادہ موازنہ کیا گیا تھا۔

پرینیتی چوپڑا اور شردہا کپور کی گلوکاری کو بےحد پسند کیا گیا تھا البتہ عالیہ کی گلوکاری کو زیادہ تر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

فلموں کے حوالے سے بات کریں تو عالیہ اس وقت اپنی فلم ‘براہمسٹرا’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اس کے علاوہ وہ جلد ‘تخت’ کی شوٹنگ کا بھی آغاز کریں گی، جس کی ہدایات کرن جوہر دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں