چینی سے قرض کی فراہمی کا معاہدہ، ڈالر کی قدر میں 4روپے کمی

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں لگاتار دوسرے روز گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں مقامی کرنسی کی قدر میں 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

تجزیہ کاروں نے روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ چینی بینکوں سے 2.3 ارب ڈالر کے قرض کے اعلان کو قرار دیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز 210.50 روپے پر بند ہونے سے دوپہر 12:37 بجے تک روپیہ 4 روپے بڑھ کر 206.50 روپے تک پہنچ گیا۔

میٹیس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے کا ایک ہفتے سے انتظار تھا۔

انہوں نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ چین سے زرمبادلہ کی آمد اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ طے پانے کی خبروں کی بدولت ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں روپیہ مضبوط ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خزانے میں ڈالر کی آمد میں جیسے جیسے اضافہ ہو گا، ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ برآمد کنندگان جنہوں نے اپنی آمدن بیرون ملک رکھی ہوئی ہے وہ گھبرا کر ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافے کے پیش نظر اپنی کمائی واپس بھیج دیں گے۔

ٹریس مارک میں ریسرچ کی سربراہ کومل منصور نے کہا کہ مارکیٹ کی صورتحال نے ’مثبت خبروں کی آمد‘ پر یو ٹرن لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان نے بھی ڈالر کو اسپاٹ اور فارورڈز میں فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، روپے کی بتدریج مضبوطی انہیں مزید فروخت کرنے کی ترغیب دے گی، اس طرح لیکویڈیٹی کی پوزیشن میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کچھ برآمد کنندگان اب بھی کوئی اقدام اٹھانے سے پہلے حقیقی بہاؤ کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

ایک کرنسی ڈیلر ظفر پراچہ نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور اچھا دن ہے، انہوں نے پیش گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں مقامی کرنسی کی بحالی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی پیشین گوئی کی کہ ملک کو فنڈ سے قسط ملنے کے بعد ڈالر کی قیمت 8سے10 روپے تک گر جائے گی۔

بدھ کے روز وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ چینی بینکوں نے تقریباً 2.3 ارب ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو کہ چند دنوں میں پاکستان کے اکاؤنٹ میں چلے جائیں گے۔

پاکستان فروری سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تیزی سے کم ہوتے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے کے لیے بہت جلد ختم ہونے والے قرضوں کے رول اوور کے لیے سرگرداں تھا جہاں یہ ذخائر 10 جون تک 8.99 ارب ڈالر پر تھے۔

اسی وقت حکومت نے 23-2022 کے وفاقی بجٹ پر آئی ایم ایف کے ساتھ ایک مفاہمت بھی طے کی تھی جس کے نتیجے میں توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی بحالی ہوئی تھی۔

نیوز ڈیسک

ای این این ٹی وی کا نیوز ڈیسک نمائندگان کی خبروں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں رونما ہونے والے واقعات کو اپنی قارئین کے لیے اپنی ویب سائٹ پر شائع کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

مظلوم سسکتی عورت کا کردار مزید ادا نہیں کرسکتی، ثروت گیلانی

جمعرات جون 23 , 2022
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثروت گیلانی گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیلی ویژن اسکرین سے غائب ہیں، ان کے نئے ڈراموں کے منتظر مداحوں کو بالآخر ٹیلی ویژن اسکرین سے دور ہونے کی وجہ اداکارہ نے خود بتادی۔ حال ہی میں شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے […]

کیلنڈر

جون 2022
پیر منگل بدھ جمعرات جمعہ ہفتہ اتوار
 12345
6789101112
13141516171819
20212223242526
27282930  
%d bloggers like this: