امریکہ کے سابق خصوصی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات میں پیشکش کی ہے کہ وہ پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔
ڈیلی ڈان کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ زلمے خلیل زاد نے ملاقات میں آرمی چیف سے وعدہ کیا ہے کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اس ملاقات میں افغانستان سمیت کئی دو طرفہ تعاون کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔ زلمے خلیل زاد ان دنوں نیشنل سکیورٹی مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ وہ ماضی میں افغان امن اور مفاہمت پر خصوصی ایلچی کی حیثیت سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
ڈیلی ڈان کے مطابق ان دنوں پاک امریکہ تعلقات وزیراعظم عمران خان کے ایک بیان کی وجہ سے انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ اس بیان میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونالڈلو نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید کو دھمکی دی تھی کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہے تو دو طرفہ تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔