ایف آئی اے نے جعلی پائلٹ لائسنس کی تحقیقات مکمل کر کے تین مقدمات درج کرلئے، 40 پائلٹ، 8 سرکاری افسران اور ایک پرائیویٹ شخص نامزد ہیں۔
مقدمات کا اندراج ڈپٹی ڈائریکٹر سول ایوی ایشن کی درخواست پر کیا گیا۔ مقدمات جعلی لائسنس کے امتحانات کے باعث درج ہوئے، مقدمات میں لائسنس برانچ، پائلٹس اور دیگر کا ذکر کیا گیا ہے۔ کچھ پائلٹس کا وقت تب کا ہے جب وہ فلائٹس پر تھے۔
لائسنس کے امتحانات چھٹی کے روز ظاہر کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ان مقدمات میں چھ پی سی اے اے افسران گرفتار ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرلائسنس برانچ سول ایوی ایشن خالد محمود، سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر سی اے اے فیصل منصور، جوائنٹ ڈائریکٹر آصف الحق، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمود حسین، سپرنٹنڈنٹ عبدالرئیس، پائلٹ عمر ثقلین گرفتار ہیں۔ لائسنس برانچ اور پائلٹ کے ریکارڈ کو تحویل میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پائلٹس نے جعلی امتحان کے ذریعے جعلی لائسنس حاصل کیا۔