بہاولپور . چوہدری محمد ارشد جاوید کمبوہ ۔ ڈسٹرکٹ رپورٹر
احمدپورشرقیہ سیوریج لائنوں کی صفائی نہ ہونے سے آدھا شہر گندے پانی میں ڈوب گیا۔
شہریوں کو شدید پریشانی کاسامنا۔ تفصیل کے مطابق بلدیہ کے عملہ صفائی کی جانب سے گٹروں اور سیوریج لائنوں کی صفائی نہ کرنے سے محمود کالونی، محلہ نورشاہ بخاری، محلہ شکاری، شادمان کالو نی، قلندر کالونی، محلہ اسلام پورہ، محلہ پٹواریاں ، سمیت آدھا شہر گند ے پانی میں ڈوب چکاہے۔
اور جگہ جگہ گند ے پانی کے جوہڑ لگے ہوئے ہیں۔ گند ے پانی کی موجودگی کی وجہ سے نہ صرف تعفن اور بد بو نے شہریوں کو پریشان کررکھاہے بلکہ شہریوں کا گھروں سے باہرنکلنا بھی دوبھر ہوچکاہے۔
اور ہرطرف گٹروں کا گندہ پانی نظرآرہاہے۔ شریوں محمد آصف، محمد عاصم قریشی، ایوب قریشی، فراست علی، شفقت چیمہ ، عبدالغفور ، چوہدری خالد ، محمد صدیق ،اعجاز احمد ڈاھر، اور ملک عابد حسین نے کہا کہ اس ساری صورت حال پر منتخب نمائندوں نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔
اُنہیں شہریوں کی تکلیف کا کوئی اندازہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہم بلدیہ کے دفتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں۔ مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ احتجاج بھی کررہے ہیں۔
مگر کوئی سننے والا نہیں ہے انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر وایڈمنسٹریٹر بلدیہ نعیم صادق چیمہ اور چیف آفیسر بلدیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سیوریج کا مسئلہ حل کیا جائے۔