کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے بند کئے گئے تعلیمی ادارے آج سے کھلیں گے، پہلے مرحلے میں9 ویں سے 12ویں تک کلاسز کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کے اعلان کے مطابق تعلیمی ادارے آج سے کھلیں گے جس کے لئے تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے جس کے تحت ایک جماعت کے طلبہ ایک ہی روز حاضر ہونے کی بجائے مختلف گروپس کی صورت میں مختلف دنوں میں سکول آئیں گے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق پہلی سے آٹھویں کلاسز کے طلبہ یکم فروری کو سکول آئیں گے جبکہ یونیورسٹیز بھی یکم فروری سے کھولی جائیں گی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 50 فیصد اساتذہ کی حاضری کی پالیسی ختم کر دی اور آج پیر سے تمام اساتذہ کو سکول حاضر ہونے کا پابند کیا گیا ہے۔
نہم سے بارہویں جماعت کے علاوہ دیگر اساتذہ بھی سکول حاضر ہوں گے۔ اس سے قبل 50 فیصد اساتذہ پیر اور 50 فیصد جمعرات کو سکول آتے تھے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق اساتذہ کو سکولوں میں پوری ڈیوٹی دینا ہوگی۔ سکولوں میں (ب) فارم، ویکنسی پوزیشن اور آئی بی اے این نمبر کا کافی کام زیر التوا ہے۔
اسلام آباد میں پچیس طالبعلم تک کو ایک روز کلاس کا حصہ بننے کی اجازت ہو گی۔ تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں باقی طلبہ الگ کلاس لے سکیں گے۔
کلاس ون سے آٹھویں تک اور گریجویشن، ماسٹرز، ایم فل اور ڈاکٹریٹ کی کلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔
این سی او سی اور بین الصوبائی وزراے تعلیم کانفرنس کا انعقاد بیس جنوری کو بھی متوقع ہے۔ جس میں ملک بھر میں کورونا کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیی اداروں کے کھولے جانے کے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔