وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ سانحہ مچھ پر بھی سیاست کرنے سے بھی باز نہیں آیا،اِن لوگوں میں انسانیت کا رتی بھر بھی درد نہیں ،کوئٹہ میں جا کر راجکماری اور شہزادے نے غمگساری کی بجائے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ،حکومت اورقوم دکھ کی گھڑی میں ہزارہ برادری کے ساتھ ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،
کورونا کے بعد سانحہ مچھ پر سیاست کرنااپوزیشن عناصر کےگھٹیاذہن کی عکاس ہے ،اِن عناصر کوبےبنیاد الزامات لگانےسےپہلےاپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ،کورونا اور سانحہ مچھ پر سیاست چمکانے والوں کو پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،
کوروناکےپھیلاؤ میں پی ڈی ایم کےٹولے کا پورا پورا ہاتھ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کےمریضوں کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزارایک سو گیارہ ہو گئی ہے،گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کوروناکےچھ سو نئے مریض رپورٹ ہوئے،پنجاب میں کورونا سےچارہزار دو سو بیالیس اموات ہو چکی ہیں
جبکہ چوبیس گھنٹے کےدوران کوروناکےاکیس مریض جاں بحق ہوئے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پندرہ ہزار چار سو اڑتیس ٹیسٹ کئے گئے جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر اب تک پچیس لاکھ اکیاسی ہزارتین سو سترہ کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔