پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلے لگانا مہنگا پڑ گیا، کورونا وائرس لاحق ہونے کے خطرے سے دوچار ہو گئے۔
میل آن لائن کے مطابق عامر خان کی طرف سے عثمان بزدار کو گلے لگائے جانے کے محض 48گھنٹے بعد ہی عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔عامر خان نے 19دسمبر کے روز وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک ہائی پروفائل باکسنگ ایونٹ میں گلے لگایا تھا۔
اس جپھی میں عامر خان اور عثمان بزدار دونوں نے فیس ماسک بھی نہیں پہن رکھا ہوتا۔
عامر خان کی طرف سے کورونا وائرس سے متعلق قوانین کی مسلسل دوسری بار خلاف ورزی کرنے پر برطانوی میڈیا نے خوب شور مچا رکھا ہے۔رپورٹ کے مطابق عامر خان نے اس سے چند دن قبل دبئی میں ایک تقریب کے دوران معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو ایک ایوارڈ تقریب میں گلے لگایا تھا۔
وہاں بھی ان دونوں نے فیس ماسک نہیں پہنے تھے۔ واضح رہے کہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم اپنے اس دبئی اور پاکستان کے دورے کی وجہ سے پہلے ہی تنقید کی زد میں ہیں کیونکہ فریال مخدوم میں بھی کورونا وائرس کی علامات موجود تھیں، اس کے باوجود انہوں نے بین الاقوامی سفر کیا۔