بہاولپور : چوہدری محمد ارشد جاوید کمبوہ . ڈسٹرکٹ رپورٹر
احمدپورشرقیہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ وتحصیلدار ظفر علی مغل کی طرف سے بریانی فروش پر تشدد معاملے پر مرکزی انجمن تاجران سراپااحتجاج، تحصیلدار کو معطل کرنے کامطالبہ
تفصیل کے مطابق پانچ روز قبل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ وتحصیلدار ظفر علی مغل نے بریانی فروش اکرام قریشی کو دوہزار جرمانہ کرنے کے باوجود تھپڑ رسید کردیا۔جس پر مرکزی انجمن تاجران کا ایک وفد ڈی سی بہاولپور کو جاکر ملا ڈی سی بہاولپور نے معاملہ حل کرنے کیلئے یقین دہانی کرائی۔
مگر تاحال تحصیلدار کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ جس پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر طاہرقائم خانی،جنرل سیکریٹری چوہدری نصیراحمد، انجمن تاجران کے صدور شیخ محمدمسلم، راجو قریشی،منصورقریشی، ارشدراجپوت،آفتاب خان ڈاہر، میاں مدثرندیم، ایوب راجپوت، فہیم رضی،سابق کونسلرحنیف قریشی،راناشاہدرفیق،حذیفہ قریشی اوراے ڈی خان جلوانہ کے علاوہ تاجران کی کثیرتعدادنے چوک منیر شہید پر تحصیلدار ظفرعلی مغل کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا اور تاجران نے ہاتھوں میں پلے کارڈاُٹھاکراور بازؤں پر کالی پٹی باندھ کرتحصیلدارمردہ بادکے نعرے بھی لگائے۔مرکزی انجمن تاجران کے صدر طاہرقائم خانی،ارشدراجپوت، آفتاب خان ڈاہر اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہمارے تاجربھائی اکرام قریشی پر تحصیلدار ظفرعلی مغل کے بہمانہ تشدداورغنڈہ گردی کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں، اگرافسران بالانے تحصیلدارظفرعلی مغل کو تاجران سے معذرت نہ کروائی اور معطل نہ کیاتو غیر معینہ مدت تک تاجران کی طرف سے تحصیل بھرمیں ہڑتال کی کال دے دی جائیگی۔اگرپھر بھی معاملہ حل نہ کیاگیاتو پھر اسکا دائرہ کاروسیع کرکے ملک گیر ہڑتال کرائی جائیگی۔
