پی ڈی ایم آج (پیر کو) قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسہ کرے گی۔تاہم دوسری جانب اب تک حکومت کی جانب سے جلسہ کی اجازت نہ دی گئی ہے،جلسہ روکنے کے لئے قاسم باغ کوکینٹینرز لگا کرسیل کردیا گیا ہے اور چاروں اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔تاہم پی ڈی ایم ہر صورت قاسم باغ میں جلسہ کرنے کو تیار ہے،پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت ملتان پہنچ گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے اپنے کارکنوں کو ڈنڈے کا جواب ڈندے سے دینے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جلسہ ہر صورت میں ہوگا جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ اینٹ کا جواب پتھر اور ڈنڈے کا جواب ڈنڈے سے دیا جائے گا۔پی ڈی ایم کے جلسہ میں آصفہ بھٹو زرداری اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کی نمائندگی کریں گی جبکہ مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ملتان پہنچنے کا عندیہ دیا ہے۔اپنے ٹویٹ میں انکا کہنا تھا کہ ”پی ڈی ایم ایک پرامن تحریک ہے جس کا مقصد حقیقی جمہوریت، ووٹ کی عزت، بنیادی حقوق کی بحالی اور مہنگائی سے چھٹکارا ہے مگر سلیکٹڈ اپنی نااہلی چھپانے کے لئے عوام سے جنگ پر آمادہ ہے تو جان لے کہ کوئی عوام سے جنگ نہیں جیت سکتا۔ کل سب رکاوٹیں توڑ کرملتان میں ملاقات ہو گی“۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے کارکنوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہے اور فوری طور پر کارکنوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔