سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری نرخوں کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمت میں دو سو روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی تولہ قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار پانچ سو روپے ہوگی۔
دوسری جانب دس گرام سونے کی قیمت میں 172 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اس وزن پر سونا چورانے ہزار سات سو چھتیس روپے میں فروخت ہوا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت ایک ہزار ایک سو اسی روپے پر رہی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چوبیس کیرٹ سونے کی قیمت میں فی تولہ 200 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد سونا ایک لاکھ 10 ہزار 300 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔
گزشتہ روز دس گرام سونے کی قیمت میں 172 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اتنی مقدار میں سونا چورانے ہزار پانچ سو 64 روپے میں فروخت ہوا۔ اس کے علاوہ چاندی کی فی تولہ قیمت گیارہ سو 80 روپے رہی۔
گزشتہ دنوں سونے کی قیمت میں دو ہزار 350 روپے کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ جس کے بعد فی تولہ سونا ایک لاکھ 10 ہزار 500 جبکہ دس گرام سونے کی قیمت چورانے ہزار سات سو چھتیس روپے ہو گئی تھی۔
اسی طرح صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کی کمی سے 1180 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 25 روہے 75 پیسے کی کمی سے 1011 روپے 65 پیسے ہو گئی تھی۔
انٹرنیشنل مارکیٹوں میں فی اونس سونے کی قیمت اکیاون ڈالر کم ہو کر 1815 ڈالر کی سطح پر پہنچنی۔ اس کے بعد پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2020ء کے دوران سونے کی درآمدات میں 21.71 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر 2020ء کے دوران سونے کی درآمدات 213 ملین روپے تک بڑھ گئیں جبکہ ستمبر 2020ء میں سونے کی درآمدات کا حجم 175 ملین روپے رہا تھا۔ اس طرح ستمبر 2020ء کے مقابلہ میں اکتوبر 2020ء کے دوران سونے کی قومی درآمدات میں 38 ملین روپے یعنی 21.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔