نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر پنجاب حکومت نے دکانوں کے اوقات کار مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے دکانوں کے اوقات کار رات 10 بجے تک کردیے گئے تھے لیکن اب وقت میں مزید کمی کی جارہی ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ شام 6 بجے دکانیں بند کردی جائیں گی۔
دوسری جانب لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر طارق مصباح نے حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کردی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کم ہونے کی وجہ سے ایک ہی وقت میں زیادہ لوگ بازاروں کا رخ کریں گے جس کی وجہ سے رش بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کے اوقات کار کم نہ کیے جائیں ، تاجر حکومتی ایس او پیز پر 100 عمل کریں گے۔