ڈاہرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر عمل درآمد، ٹاؤن کمیٹی کا ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن، روڈ کی حدود میں رکھے گئے پھٹے، ٹھیلے اور ریڑھیاں ضبط کر لی گئیں، مین ہائی وے صاف اور کشادہ نظر آنے لگی، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کے احکامات پر عمل درآمد اور سٹی پریس کلب ڈاہرانوالہ کی خبروں پر ایکشن لیتے ہوئے ڈاہرانوالہ ٹاؤن کمیٹی نے مین ہائی وے سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے روڈز کی حدود میں رکھے گئے پھٹے، ٹھیلے اور ریڑھیاں ضبط کر لی ہیں، یاد رہے کہ ڈاہرانوالہ میں ناجائز تجاوزات کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے، دکانداروں نے بیسیوں فٹ تک دکانوں کے باہر آ کر ہائی وے کی حدود پر کاروبار سجا رکھے ہیں، رہی سہی کسر رکشوں، ریڑھیوں اور ٹھیلوں نے پوری کر رکھی ہے جو کہ عین روڈ کے اوپر کاروبار کرتے ہیں جس کی وجہ سے کشادہ سڑکیں تنگ گلیوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور آمدورفت ناممکن ہو کر رہ گئی ہے، ٹاؤن کمیٹی نے کاروائی کرتے ہوئے ریڑھیاں، پھٹے اور ٹھیلے ہٹا کر راستہ تو کسی حد تک کھول دیا ہے جو کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عارضی ثابت ہونے کا اندیشہ ہے، تاہم شہریوں نے سٹی پریس کلب ڈاہرانوالہ سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بڑے دکانداروں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے ناجائز قبضہ سے سرکاری جگہ چھڑائی جائے، ہائیوے کی حدود میں تعمیر کی گئی پختہ اور ناجائز تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی واپس لوٹ سکے اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔