(کاشف علی . ڈپٹی بیرو چیف ENN کراچی 3632-2020 ) کراچی کے علاقے شیر شاہ کے قریب پرانے کپڑوں کے گوداموں میں لگی آگ پر بیس گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شیرشاہ قبرستان کے قریب واقع کپڑوں کے 4 گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی تھی،گزشتہ رات لگنے والی آگ اب بھی بے قابو ہے ۔ پرانے کپڑوں کے 4 گوداموں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب 2 بجےکے قریب آگ لگی جس پر قابو پانے کے لیے شہر بھر کی فائر بریگیڈ، نیوی اور کے پی ٹی کی 11 گاڑیاں بجھانے میں مصروف ہیں۔
کراچی واٹر بورڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود ہے ، ریسکیو حکام کے مطابق خستہ حالی کے باعث فائر فائٹرزگوداموں کے اندر نہیں جاسکتے ، جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
گودام کے اندر آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں تھے جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کی۔ گوداموں میں کپڑے ہونے کی وجہ سے آگ تیزی پھیل گئی ہے جس کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے کے باعث آگ بے قابو ہے،
آتشزدگی کے باعث گودام کی دیواریں اور پلر کو شدید نقصان پہنچا ہے جو کسی بھی وقت گرسکتے ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ گوداموں میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
