پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کراچی کیلئے 11 ارب کے پیکج کا اعلان کیا، ابھی تک 11 روپےنہیں آئے، عمران خان صاحب کو آج تک یقین نہیں آیا کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں، پی ٹی آئی والے ابھی تک انتخابی مہم والی باتیں کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی بحران تو وزیراعظم نے خود پیدا کر دیا، وزیراعظم کہتے ہیں میں اپوزیشن سے بات ہی نہیں کروں۔ انہوں نے کہا کراچی سے کشمور تک لوگوں کو کتے کاٹ رہے ہیں، ویکسین نہیں، کراچی دنیا کا سب سے گندا ترین شہر ہے، کراچی میں دنیا کی سب سے زیادہ بیروزگاری ہے، کراچی دنیا کی بدترین ٹرانسپورٹ میں پہلے نمبر پر ہے۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے مزید کہا عوام کا دیگر جماعتوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے، 18 اکتوبر کے جلسے میں پورے ملک سے لوگوں کو لایا گیا، 11 جماعتوں کے جلسے میں عوامی مفاد کی بات نہیں کی گئی، کراچی والوں کے ساتھ مسلسل مذاق ہو رہا ہے، یہ ڈرامہ پاکستان کے علاوہ کہیں نہیں ہوسکتا، پاک سرزمین پارٹی نے ان لوگوں کو جواب دیا۔