خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 4 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں لکی مروت کے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے ، لکی مروت کے آر پی او سید اشفاق انور نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھاکریں گے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے لکی مروت میں تھانے پر ہونے والے حملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، خیبر پختون خوا پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد تھانہ برگئی کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔