اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ نے سعودی لڑکی سے منگنی کرلی، منگنی کی تقریب ریاض میں راجوا السیف کے والد کے گھر پر ہوئی‘ جوڑے کی خوبصورت تصاویر وائرل ہوگئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن کی شاہی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم نے سعودی شہری رجوا خالد السیف سے منگنی کی ہے،
منگنی کی یہ تقریب ریاض میں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، ملکہ رانیہ اور دلہن کے خاندان کی موجودگی میں منعقد ہوئی، تقریب اردن کے شاہی خاندان کا حصہ بننے والی راجوا السیف کے والد کے گھر پر ہوئی،
اس موقع پر شہزادہ حسن بن طلال، شہزادہ ہاشم بن عبداللہ دوم، شہزادہ علی بن حسین، شہزادہ ہاشم بن حسین، شہزادہ غازی بن محمد، شہزادہ راشد بن حسن اور السیف خاندان کے متعدد افراد موجود تھے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر منگنی کا اعلان خوبصورت تصاویر کے ساتھ کیا گیا جس میں جوڑے کو ایک ساتھ دکھایا گیا ہے، ان میں شہزادہ حسین کے والدین شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کی راجوا کے خاندان کے افراد کے ہمراہ لی گئی تصاوہر بھی شامل ہیں۔
اردن کی ملکہ رانیہ نے بھی ٹویٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے نہیں سوچا تھا کہ میرے دل میں اتنی خوشی رکھنا ممکن ہے، میرے سب سے بڑے شہزادہ حسین اور ان کی ہونے والی خوبصورت دلہن راجوا کو مبارک ہو!۔